News بین الاقومی تازہ ترین

امریکہ: یوم آزادی پرمظاہرے، مخالفین وحامیوں میں تصادم، پرچم نذرآتش

امریکا کے یوم آزادی پر متعدد شہروں میں نسلی تعصب کے خلاف پرجوش مظاہرے کیے گئے ، عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی شہروں میں صدر ٹرمپ کے حامی اور مخالفین میں جھڑپیں ہوئیں اور وہ گتھم گتھا ہوگئے ، پولیس اہلکار دونوں فریقوں کے مابین بیچ بچائو کراتے رہے ، کئی مقامات پر امریکی پرچم پھاڑدیا گیا ،نیو یار ک میں مشتعل مظاہرین نے ٹرمپ ٹاور کے سامنے اپنا قومی پرچم نذرآتش کردیا، بالٹی مور میں 1492ء کے دوران امریکا کو دریافت کرنے والے اطالوی سیاح کولمبس کا مجسمہ زمین پر گرادیا گیا جس کے بعد مظاہرین نے اس کا سر جدا کرکے پانی میں پھینک دیا ، صدر ٹرمپ نے یوم آزادی کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں مظاہرین کو نازیوں اور دہشت گردوں سے مشابہ قرار دیا، انہوں نے کورونا کے حوالے سے چین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک سے یہ وائرس شروع ہوا ہے اسے مکمل طور پر جواب دہ ہونا چاہیے ، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کور ونا سے نمٹنے کیلئے انہوں نے بہترین حکمت عملی اختیار کی، اسی لیے بقول ان کے کورونا سے نقصانات کم ہوئے ، کورونا کے 99فیصد کیسز نقصان دہ نہیں ہوتے ،اے ایف پی کے مطابق امریکی تجزیہ کاروں نے کہا کہ کورونا وائرس اور صدر ٹرمپ کی تند و تیز تقریر کے باعث امریکا کے یوم آزادی کی تقریبات ماند پڑگئیں، تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر صدر ٹرمپ نے قوم سے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین پر بھرپور تنقید کی۔ وائٹ ہاؤس کے گارڈن میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘امریکی ہیروز’ نے نازی، فاشسٹ، کمیونسٹ اور دہشت گردوں کو شکست دی، امریکی اقدار کا تحفظ کیا اور اصولوں کو برقرار رکھا تھا ،اپنے خطاب میں ٹرمپ نے بائیں بازو کی انتہاپسندی کو بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر امریکی تاریخ کو مٹانا چاہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہم بنیاد پرست بائیں بازو کو شکست دیں گے ۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مئی کے دوران ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد شروع ہونیوالے مظاہروں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔

1,416 total views, 0 views today

One Reply to “امریکہ: یوم آزادی پرمظاہرے، مخالفین وحامیوں میں تصادم، پرچم نذرآتش

Leave a Reply

Your email address will not be published.