News Uncategorized Weather ٰآس پاسٰ

پونچھ میں شدید پاکساتانی گولہ باری، 5 شہری جاں بحق

جموں : جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بالاکوٹ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’مینڈھر پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ واقعہ میں دو دیگر افراد زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے‘۔
پاکستانی کی طرف سے گولہ باری کا یہ واقعہ اتوار کی صبح سات بجکر 40 منٹ پر پیش آیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے اتوار کی علی الصبح مینڈھر پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی چوکیوں اور سرحدی دیہات کو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ سرحد پار پاکستانی فوج کی طرف سے داغا گیا مارٹر شیل دیوتا سرگلون نامی گاؤں میں محمد رمضان کے گھر پر جاگرا جس کے نتیجے میں 35 سالہ محمد رمضان، ان کی32 سالہ بیوی مالکہ بی اور ان کے تین لڑکے 14 سالہ عبدالرحمان، 12 سالہ محمد رضوان اور 7 سالہ رزاق رمضان موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔ اس واقعہ میں ان کی دولڑکیاں نصرین کوثر اور مہرین کوثر زخمی ہوئیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال لے جایا گیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوجی نے پاکستانی فائرنگ کا موثر جواب دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ نصرین اور مہرین کو علاج ومعالجہ کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’گولہ باری میں شدید زخمی ہونے والی 12 سالہ نصرین اور 6 سالہ مہرین کو علاج ومعالجہ کے لئے راجوری سے ائرلفٹ کرکے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے‘۔
اس دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بالاکوٹ میں پانچ لوگوں کی موت کی خبر نے انہیں دکھی کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’پونچھ کے بالائی کوٹ سیکٹر میں پانچ لوگوں کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ میں ان کے کنبے کے ساتھ تعزیت کا اطہار کرتی ہوں‘۔
نیشنل کانفرنس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ایل او سی شلنگ میں پانچ عام شہریوں کی موت ہوجانے پر گہرے غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جنگ بندی معاہدے پر فوری عمل درآمد کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے‘۔ عمر عبداللہ نے اپنے ایک الگ ٹویٹ میں کہا کہ ہلاکتوں کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے۔ اللہ جنت نصیب کرے‘۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر جنوری اور فروری کے دوران شدید کشیدگی دیکھی گئی تھی جس دوران تقریبا 20 شہری و فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1999 ء کے تنازعے کے بعد سنہ 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔ تاہم جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود سرحدوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں

2,047 total views, 0 views today

3 Replies to “پونچھ میں شدید پاکساتانی گولہ باری، 5 شہری جاں بحق

Leave a Reply

Your email address will not be published.