News ٰآس پاسٰ برصغیر تازہ ترین

پاکستان:جماعت الدعوہ سمیت کئی تنظیموں پر پابندی عائد

وزارت داخلہ کے اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوۃ سمیت ان تمام تنظیموں کے لیے عطیات اور چندہ جمع کرنے پر پابندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جو اقوام متحدہ کی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہیں یا انھیں عالمی ادارے کی جانب سے اس معاملے میں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔
اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کو یہ بھی بتایا کہ وزارت داخلہ نے ایسے افراد کے کوائف اکٹھا کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جو ان تنظیموں کو بڑے عطیات دینے والوں میں شامل ہیں اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ادھر حکومتِ پاکستان کے ادارے سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے بی بی سی کو بتایا کہ وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے القاعدہ اور اس کے ساتھ منسلک افراد پر اقتصادی اور سفری پابندیوں کے متعلق احکامات پر عمل درآمد کو قانونی شکل دینے کے لیے ایس آر او جاری کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے پہلے ہی پابندیوں کی نافرمانی کرنے والوں پر ایک کروڑ روپے تک جرمانہ رکھا ہوا ہے۔
سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن نے اپنے نوٹیفیکیشن میں کہا ہے کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے سکیشن 453 کے مطابق اب سبھی کمپنیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ان اداروں اور افراد کو چندہ نہ دیں جن کا اقوامِ متحدہ (یو این ایس سی) کی اقتصادی پابندیوں کی کمیٹی کی لسٹ میں نام ہے۔
ایسی خبریں بھی آ رہی ہیں کہ حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی ایمبولینسوں کواپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ان خبروں کی ابھی تک تصدیق تو نہیں ہو سکی ہے۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے شائع کی جانے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 19 دسمبر کو پاکستانی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کی گئی ‘خفیہ’ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حافظ سعید کی دونوں تنظیموں کے خلاف 28 دسمبر تک لائحہ عمل طے کیا جائے تاکہ ان پر ‘کنڑول’ کیا جا سکے۔
کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ سے منسلک فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر بھی عطیات او چندہ جمع کرنے پر پابندی لگائی گئئ ہے
اس دستاویز میں عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جو عالمی طور پر دہشت گردی کے لیے کی جانے والی مالی امداد اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو تنبیہ کی تھیکہ اگر اس نے دہشت گردی کے لیے کی جانے والی مالی امداد کو روکنے کے لیے انتظامات نہیں کیے تو اس کا نام نگرانی کے لیے بنائی گئی فہرست میں شامل کر دیا جائے گا۔
اسی حوالے سے جب روئٹرز نے وزیر داخلہ احسن اقبال سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ ‘تمام کالعدم تنظیموں کا چندہ جمع کرنے اور مالی امداد کو روکنے کے لیے حکم جاری کیا گیا ہے۔’
اس بارے میں جماعت الدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے حکومت کی طرف سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی ایمبولینسوں کواپنی تحویل میں لیے جانے کی خبروں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو عدالتوں میں جائیں گے اور بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔

1,697 total views, 0 views today

One Reply to “پاکستان:جماعت الدعوہ سمیت کئی تنظیموں پر پابندی عائد

Leave a Reply

Your email address will not be published.